اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں سپین کے سفیر خاویر کرباخوشا نے کہا ہے کہ سپین میں ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی مقیم ہیں یہ پاکستان اور سپین کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنا رہے ہیں۔ سپین کے سفیر نے کہا کہ سپین پاکستان میں بلٹ ٹرین کا منصوبہ بھی مکمل کرسکتا ہے۔وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے سپین کے سفیر نے کہاکہ سپین نے مکہ اور مدینہ کے درمیان بلٹ ٹرین چلائی ہے اور اب وہ استنبول اور انقرہ کے درمیان بھی بلٹ ٹرین بنا رہا ہے۔سپین کے سفیر سے پوچھا گیا کہ مغربی دنیا اور اسلامی دنیا میں غلط فہمیاں بڑھ رہی ہیں کیونکہ بعض مغربی ممالک میں مسجدوں اور میناروں کی تعمیر پر پابندی لگا دی گئی ہے تو سپین کے سفیر خاویر کرباخوشا نے کہا کہ سپین کے شہروں میں کئی مساجد ہیں قرطبہ کی مسجد سپین میں ہے سپین پر اسلام کا گہرا اثر ہے۔اسلامی ملکوں میں گرجا گھر ہیں۔ سپین کے سفیر نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی صرف اسلام تک محدود نہیں ہے۔دوسرے مذاہب میں بھی انتہاپسند موجود ہیں۔افغانستان سے مغربی ممالک کی اتحادی فوجوں کے انخلاء کے بعد کی صورتحال پر سوال کا جواب دیتے ہوئے سپین کے سفیر نے کہا کہ افغان نیشنل آرمی کو سیکیورٹی کی بہترین تربیت دی گئی ہے وہ افغانستان میں سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالے گی۔بین الاقوامی برادری بھی افغانستان میں معاشی ترقی اور استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔