ساہیوال / اوکاڑہ چھائونی (نامہ نگاران) چک نمبر 56/4آر نورشاہ میں ایک خوفناک دھماکہ سے دو سگے زمیندار بھائی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا ایک ملازم زخمی ہوگیا۔ دو بھائیوں حیدرعلی اور غلام علی نے اپنے زمین میں نرسری بنائی ہو ئی ہے جہاں انہوںنے بجلی سے بیٹری چارجنگ کرنیوالا ایک سسٹم لگایا ہوا تھا جو بجلی بند ہونے کی صورت میں فارم کی روشنی اور پانی کی ضروریات پوری کرتا تھا۔یہ پلانٹ خرابی کی وجہ سے خوفناک دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا اور جس وقت یہ حادثہ پیش آیا وہاں پر غلام علی اور حیدر علی موجودتھے وہ اس کی زد میں آگئے ۔ ایک بھائی نے موقع پر دم توڑ دیا جبکہ دوسرا ہسپتال جا کر دم توڑ گیا۔ اس دھماکہ کی اطلاع فوری طور پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو دی گئی جس نے موقع پر جاکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دئیے تاہم ابھی تک کسی بم پھٹنے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اوکاڑہ چھائونی سے نامہ نگار کے مطابق دھماکے کی آواز ایک کلو میٹر دور تک سنی گئی عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد دھواں ہی دھواں ہو گیا تھا۔ دھماکے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ بظاہر الیکٹرونک ڈیوائس کی وجہ سے ہوا تاہم اصل صورتحال بم ڈسپوزل سمیت انٹیلی جنس اداروں کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئیگی، پولیس نے ہر پہلوئوں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔