اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے پنجاب حکومت کی ملتان کے حلقہ این اے 149 میں ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کرانے کی درخواست مسترد کرکے حلقے میں پولنگ کے دوران رینجرز تعینات کرنے کی ہدایت کر دی ہے الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبائی الیکشن کمشن کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ قاسم باغ کی وجہ سے ملتان میں امان و امان کی صورتحال خراب ہے اس لئے ضمنی انتخابات ملتوی کئے جائیں صوبائی حکومت کی درخواست کو حتمی فیصلہ کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن نے الیکشن کمشن اسلام آباد ارسال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی الیکشن کمشن این اے 149 میں ضمنی انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہے جبکہ حلقے میں امن و امان کی بھی ایسی صورتحال نہیں کہ الیکشن ملتوی کر دیئے جائیں صوبائی الیکشن کمشن نے الیکشن کمشن آف پاکستان کو تجویز دی کہ حلقے میں شیڈول کے مطابق 16 اکتوبر کو ہی انتخابات کرائے جائیں صوبائی حکومت کی درخواست اور صوبائی الیکشن کمشن کی تجویز کی روشنی میں الیکشن کمشن نے حکومت پنجاب کی درخواست مسترد کر دی۔ مذکورہ حلقے سے امیدوار جاویدہاشمی نے ضمنی انتخابات ملتوی کر نے کی مخالفت کی ہے اور انکا کہنا ہے کہ تمام تیاریاں مکمل ہے اور سانحہ ملتان میں 8افراد کی ہلاکت کے باوجود حلقے میں کوئی سکیورٹی خدشات نہیں اس لئے ضمنی انتخابات بر وقت ہی ہونے چاہئیں۔ تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی خبردار کیا تھا کہ پنجاب حکومت اپنی شکست دیکھتے ہوئے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے اگر اس حلقہ میں ضمنی انتخاب کو ملتوی کیا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین احتجاج کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی پنجاب حکومت کی اس درخواست پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخاب کو کسی صورت ملتوی نہیں ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ این اے 149 مخدوم جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی اور الیکشن کمشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اب اس حلقے میں پرسوں16 اکتوبر کو ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ ہوگی۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے کہا ہے کہ ملتان میں امن عامہ کی صورتحال کے باعث ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ ادھر الیکشن کمشن نے بیلٹ پیپرز، انتخابی فہرستیں اور دیگر انتخابی مواد ریٹرننگ افسروں تک پہنچا دیا ہے۔ ریٹرننگ افسروں کو کل 15اکتوبر تک انتخابی میٹریل پولنگ سٹیشن پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔این اے 149 میں ٹوٹل پولنگ سٹیشن کی تعداد 286 ہے جن میں 144 مردانہ اور 142 زنانہ پولنگ سٹیشن ہیں۔ پولنگ بوتھ کی کل تعداد 774 ہو گی جن میں 413 مردانہ 361 زنانہ ہونگے۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ41 ہزار 527 ہے۔