نئی دہلی (اے این این)بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کشمیر سمیت تما م تنا زعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کردیا ،پاکستان اور بھارت کو تمام مسائل دوستانہ انداز میں مذاکرات کے ذریعے حل کرلینے چاہیے ۔ایک بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما سندیپ ڈکشٹ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو شملہ معاہدے کے مطابق تجارت ،دہشتگرد ی اور مسئلہ کشمیر سمیت تما م مسائل کو دوستانہ انداز میں مذاکرات کے ذریعے حل کرلینا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پر نیو یارک میں پاک بھارت مشیر خارجہ سطح کے مذاکرات کی منسوخی کا الزام اہمیت نہیں رکھتا ۔پاکستان اور بھارت کی بات چیت میں امریکہ کچھ بھی نہیں کرسکتا ،دونوں ملکوں کوخود ہی آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان دہشتگردانہ کارروائیوں کی حمایت کررہاہے۔