لاہور + اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور سمجھوتہ ایکسپریس چھٹے روز بھی بحال نہ ہو سکی، لاہور میں پھنسے 86 بھارتیوں، دہلی میں پھنسے60 سے زائد پاکستانیوں کو پیدل واہگہ بارڈر پارکرا دیاگیا، اپنے اپنے ملک کی حدود میں داخل ہوتے ہی مسافروں کے چہرے کھل اٹھے۔ سمجھوتہ ایکسپریس معطل ہونے کے باعث لاہور میں پھنسے 86 بھارتی مسافروں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت بھیج دیا گیا، ان 86 مسافروں نے تین راتیں لاہور میں گزاریں اور ریلوے سٹیشن کے قریب ہوٹل میں انہیں قیام دیا گیا۔ منگل کو انہیں واہگہ بارڈر کے ذریعے پیدل بھارت بھجوا دیا گیا۔ سمجھوتہ ایکسپریس کا آپریشن گزشتہ جمعرات بھارت کی طرف سے معطل کردیا گیا تھا اس ٹرین میں 200 مسافر سوار تھے جن میں 86 بھارتی باشندے شامل تھے ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسانوں کے احتجاج کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس کا آپریشن معطل کیا گیا ہے اور پیر کو دوبارہ انہوں نے ٹرین اپنی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی اس لئے بھارتی مسافروں کو بذریعہ سڑک بھیجنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ 86 مسافروں میں 25 خواتین اور دس بچے بھی شامل ہیں جنہیں لاہور ریلوے سٹیشن سے واہگہ ریلوے سٹیشن تک منتقل کیا گیا اور بعدازاں انہوں نے پیدل واہگہ سرحد عبور کی۔ دوسری جانب بھارت میں پھنسے ہوئے 60 سے زائد پاکستانیوں کو دوستی بس کے ذریعے واہگہ بارڈر تک پہنچایا گیا جہاں سے انہیں پیدل سرحد پار بھیجاگیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی کی وجہ سے نئی دہلی میں پھنسے پاکستانی مسافروں کی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کو انکی وطن واپسی کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے وزارت خارجہ کے حکام کو فوری ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسافروں کو ضرورت کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور واپسی کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ دوسری طرف نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے ترجمان منظور میمن نے کہا ہے کہ بھارت میں پھنسے 35 میں سے17 مسافروں کو آج بدھ کو پاکستان بھیجا جائے گا۔ پاکستانی ہائی کمشن کے ترجمان منظور میمن نے کہا کہ دو مسافر ویزے کی مدت پوری ہونے کی وجہ سے پاکستان نہیں جا سکتے جن کا معاملہ ہم نے بھارتی وزارت خارجہ کے حکام سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ہائی کمشن کی جانب سے مسافروں کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں پھنسے 14پاکستانیوں کو لاہور واپس بھیج دیا گیا ہے۔ بھارت میں 35پاکستانی سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔ نئی دہلی سے 14 پاکستانی دوستی بس کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ انہیں واہگہ بارڈر کے ذریعے واپس پہنچایا گیا ہے۔ مسافروں میں 12خواتین شامل ہیں، پھنسے ہوئے 17 دیگر پاکستانیوں کو آج نئی دہلی سے روانہ کئے جانے کا امکان ہے۔ کچھ پاکستانیوں کو ویزے میں توسیع کی ضرورت ہے، ویزوں میں توسیع کیلئے بھارتی حکام سے رابطے میں ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی چودھری کبیر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی بس سروس بلاتعطل جاری ہے۔ ہفتے میں تین روز ہماری بس بھارت جاتی ہے جبکہ تین روز بھارت کی بس پاکستان آتی ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے جانے والے مسافروں کا ویزا ختم ہو رہا تھا جس کی بناء پر وہ لوگ بس سروس کے ذیعے پاکستان آ گئے ہیں اس سلسلہ میں سپیشل کوئی اقدامات نہیں کئے گئے تھے۔
86 بھارتی‘ 60 پاکستانی مسافروں کو پیدل واہگہ بارڈر پار کرا دیا گیا
Oct 14, 2015