سانحہ منیٰ: پاکستانی شہدا کی تعداد 99 ہو گئی: سعودی حکومت نے اعتماد میں لئے بغیر شہید حاجیوں کی تدفین کر دی: وزیر مذہبی امور

مکہ مکرمہ + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ریاض الحق نے کہا کہ منیٰ میں پاکستانی شہدا کی تعداد 99 ہو گئی ہے ان میں سے 70 شہدا کی تدفین کر دی گئی ہے جب کہ 18 پاکستانی ابھی تک لاپتہ ہیں۔ علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں منی کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی چیئرمین قائمہ کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ کوشش سے نقصان کم کیا جا سکتا ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری، مذہبی امور فاروق نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ 18 پاکستانی حجاج لاپتہ، 99 شہید ہوئے ہیں۔ اپنے پیاروں کی تدفین کے لئے کئی پاکستانی سعودی عرب میں ہیں۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بتایا کہ سعودی حکام نے بغیر اطلاع پاکستانی شہدا کی تدفین کر دی۔ حج کے معاملے میں سعودی عرب مداخلت برداشت نہیں کرتا۔ سعودی عرب سے بغیر اطلاع کے تدفین پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔ سردار یوسف نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر سانحہ منیٰ کے شہید حاجیوں کی تدفین کر دی اس حوالے سے احتجاجی خط بھی لکھا گیا،سعودی حکومت نے ایسا کرکے زیادتی کی ہے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے سرکاری سکیم پر خدام کی مد میں جانے والے سرکاری ملازمین کی فہرست طلب کرلی ہے۔ اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری حج نے بتایا کہ حج مشن نے سعودی حکومت سے حج انتظامات مزید بہتر بنانے کی سفارشات دی ہیں، وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ وہ واقعہ سے قبل شیطان کو کنکریاں مار کر حرم پہنچ گئے تھے جہاں انہیں واقعہ کی اطلاع ملی، پہلے پتہ چلا کہ 100 حجاج شہید ہوئے، بعد میں حجاج کے شہید ہونے کی تعداد بڑھتی گئی، اطلاعات اور معلومات میں مشکلات کا سامنا تھا، سعودی عرب سے حجاج کی میتیں لانے کا عمل وقت لیتا ہے، مختلف اداروں سے سرٹیفکیٹ لینے کے بعد گورنر سے اجازت لینا پڑتی ہے، اسد گیلانی کی میت پاکستان لانے کے لئے خود گورنر مکہ سے بات کی ہے، اسکے علاوہ دیگر حجاج کی میتیں لانے کے لئے بھی گورنر سے خود بات کی، انہوں نے کہا کہ سعودی قانون ہے کہ ورثاء کی اجازت کے بغیر دفنایا نہیں جاتا، سعودی حکومت نے ایسا کر کے زیادتی کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...