لاہور (خصوصی نامہ نگار) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے صوبہ بھر میں دودھ اور دہی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی فل الفور واپسی اور موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی، گزشتہ روز پنجا ب اسمبلی میں جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب دودھ اور دہی کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھے اور ناقص اور کیمیکل والے دودھ کو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے صوبہ بھر میں جعلی ادویات کے کاروبار کے خاتمے کیلئے بھی پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں جعلی ادویات کے کاروبار کے خاتمے کیلئے قانون سخت کیا جائے بے شمار افراد جعلی ادویات سے ہلاک ہوئے ڈرگ اینٹی فورس کی کارکردگی کہیں نظر نہیں آتی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک تحریک التوا کار میں پنجاب کے متعدد سکولوں میں آئی ٹی لیبز میں ناکارہ کمپیوٹر رکھے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ تحریک میں کہا گیا کہ قیمتی کمپیوٹر بعض اساتذہ لے گئے جبکہ ان کی جگہ ناکارہ کمپیوٹر رکھ کر تعداد پوری کر دی گئی۔
اپوزیشن نے دودھ، دہی کی قیمتیوں میں اضافہ واپس لینے اورجعلی ادویات کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قراردادیں جمع کرا دیں
Oct 14, 2015