ابوظہبی، لاہور(اے این این+ سپورٹس رپورٹر) مایہ ناز بلے باز یونس خان پاکستان کے سب سے بڑے بیٹسمین بن گئے، جاوید میانداد کا 23سالہ پرانا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ ڈالا، ٹیسٹ کرکٹ میں 8832رنز کا ہندسہ عبور کر گئے۔ یونس خان نے جاوید میاں داد کا یہ ریکارڈ منگل کو ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں چائے کے وقفے کے بعد چھکا لگا کر توڑا۔ کریز پر موجود شعیب ملک نے انہیں گلے لگا کر مبارکباد دی۔ یونس خان کا یہ 102واں ٹیسٹ میچ ہے اور وہ اب تک 180اننگز میں 54کی اوسط سے 8832 سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 2000ء میں اپنا کیریئر شروع کیا اور 15سالوں میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ جاوید میاں داد کو کراس کرنے کے بعد اب وہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں 15ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ جاوید میاں داد 16ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جنہوں نے 124ٹیسٹ میچوں میں 52کی اوسط سے 23نصف سنچریوں اور 23 سنچریوں کی مدد سے 8832رنز بنائے تھے۔ انضمام الحق پاکستان کے تیسرے بڑے ٹیسٹ بیٹسمین ہیں جنہوں نے جاوید میاں داد سے صرف دو رنز کم بنائے تھے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا انہوں نے شاندار کھیل پیش کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ دریں اثناء چیئرمین پی سی بی شہریار خان، نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت پی سی بی آفیشلز نے یونس خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قوم کا اثاثہ ہیں، امید ہے کہ مزید سنگ میل عبور کرینگے۔ جاوید میاں داد نے بھی یونس خان کو مبارکباد دی اور میری دعا ہے کہ یونس خان زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں۔ یونس خان نے کہا کہ وہ 10 ہزار رنز بنانا چاہتے ہیں۔ آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ قائم کرنے پر یونس خان کو کنگ خان کا خطاب دیدیا ہے۔