اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے این اے 122 کے انتخابات درست تھے مگر قبل از انتخابات دھاندلی ہوئی، اس لئے بے ضابطگیوں کی شکایت کر رہے ہیں، علیمہ خان سمیت میری تمام بہنوں نے علیم خان کو ہی ووٹ دیا، نوازشریف ملک کے کرپٹ ترین سیاست دان ہیں، منافقت کی سیاست چھوڑ کر فیس ٹو فیس بات کریں۔ نوازشریف کے 12شہباز شریف، اسحاق ڈار اور خورشید شاہ کا ایک کیس نیب میں ہے،2000 ارب روپے ان کیسز کے بنتے ہیں جس سے ملک کا قرضہ ختم ہوسکتا ہے۔ الیکشن کمشن کے خلاف سڑکوں پر آنے اور دھرنا دینے پر آج (بد ھ کو) لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کروں گا۔ این اے 122سے خود الیکشن لڑتا تو جیت جاتا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا این اے 122 پر حکومتی مشینری کے استعمال ہونے کے باوجود ایاز صادق2400 ووٹوں سے جیتے لیکن علیم خان نے جس طرح ایاز صادق کا مقابلہ کیا اس سے میرا دل بہت خوش ہوا، یہ میچ نوازشریف نے اپنے امپائروں کے ساتھ ملکر کھیلا۔ جسٹس ریاض کیانی نے 2003ء کے انتخابات میں بھی دھاندلی کرائی تھی اور اب اس الیکشن میں بھی انہوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا خورشید شاہ نے اعتراف کیا مسلم لیگ(ن) کی سفارش پر جسٹس ریاض کیانی کوپنجاب کا الیکشن کمشنر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کو تباہ کردیا، بھٹو کے نام پر لوگوں کو بھیڑ بکریاں اور بے وقوف بنایا گیا، بلاول کو پاکستان بھیجا گیا جسے اردو ہی نہیں آتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا پی ٹی آئی کو اقتدار ملا تو قبضہ گروپ پر الزام نہیں لگاؤں گا بلکہ انہیں سیدھا جیل میں ڈالوں گا اور ملک میںعدل وانصاف کا دور دورہ ہوگا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج (بدھ) کو لاہور آئیں گے اور این اے 122کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مزید برآں عمران خان نے مظفر گڑھ اور ملتان میں انصاف نہ ملنے پر خودسوزی کرنے والے لڑکے اور لڑکی کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب پولیس والے ہی بہنوں، بیٹیوں کی عزتیں پامال کریں گے تو ان کی حفاظت کون کرے گا۔