اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل جلد مکمل کرنے کی درخواست پر وزارت داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم معظم علی کی اہلیہ سعدیہ بانو کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دسمبر 2015ء سے ٹرائل التوا کا شکار ہے۔ ایف آئی اے آج تک ایک بھی گواہ عدالت میں پیش نہیں کر سکی جبکہ پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کے باعث کیس اسلام آباد سے کراچی منتقلی کی درخواست بھی التوا کا شکار ہے۔ عدالت ٹرائل کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت‘ متفرق درخواستیں نمٹانے اور ٹرائل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔