لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سینٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کے وزرا اپنے گمراہ کن بیانات سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو پانامہ لیکس کے احتساب سے بچا سکتے ہیں نواز شریف کو پانامہ لیکس کا حساب دینا ہی پڑے گا ڈنگ ٹپائو پالیسی نہیں چلے گی قوم جاننا چاہتی ہے کہ پیسہ ملک سے باہر کیسے گیا اور کیا کوئی ٹیکس بھی دیا گیا ہے یا نہیں پیپلز پارٹی پانامہ لیکس کا حساب نواز شریف سے مانگتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما عامر حسن کی رہائش گاہ سمن آباد میں عاشورہ محرم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لطیف کھوسہ‘ ثمینہ خالد گھرکی‘ زاہد زوالفقار، حافظ زبیر کاردار‘ حافظ اخلاق ‘ فضل بٹ‘ وحید گل اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت ہزاورں افراد نے شرکت کی۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے نیک نیتی کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر ٹی او آر بنائے لیکن حکومت بھاگ گئی اور اپوزیشن کو محض کمیٹی کمیٹی کی میٹنگ میں الجھانے میں لگی رہی اب بھی وزرا عوام کو اپنے بیانات سے الجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا وزیراعظم احتساب سے بھاگ نہیں سکتے۔ ابھی تو صرف ایک جماعت سڑکوں پر آکر ان سے حساب مانگ رہی ہے جس وقت پیپلز پارٹی سڑکوں پر آگئی تو پھر ان کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔