پانامہ لیکس: چیف جسٹس کی سر براہی میں 3 رکنی بنچ تشکیل، 20 اکتوبر کو سماعت کرے گا

سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا جو 20اکتوبر سے ان درخواستوں کی سماعت کا آغاز کرے گا۔عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بینچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل ہے۔یہ بینچ امیر جماعت اسلامی سراج الحق،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ،سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد،طارق اسد ایڈووکیٹ اور وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اﷲ کی طرف سے دائر درخواستوں کی ابتدائی سماعت کرے گا جس میں یہ فیصلہ کیا جائےگا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر دائر کی گئی درخواستیں قابل سماعت ہیں یا نہیں۔یاد رہے کہ ان درخواستوں پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگائے تھے کہ ان درخواستوں کی سماعت کے لیے درخواست گزاروں کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے تاہم ان اعتراضات کے خلاف دائر اپیلوں کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے منظور کر لیا تھا اور رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے انہیں عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن