کراچی (رپورٹ:اسحاق بلوچ) کرکٹ‘ ٹینس اور ہاکی کے بعد اب انٹرنیشنل گالفرز بھی پاکستانی کورسز پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 10 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کو ایشین ڈویلپمنٹ ٹور کی میزبانی ملی ہے یہ ایونٹ نومبر کے پہلے ہفتے میں لاہور کے ڈیفنس ریا گالف اینڈی کنٹری کلب میں ہو گا۔ پی جی ایف کے ذرائع کے مطابق ایک لاکھ 20 ہزار یو ایس ڈالرز مالیت کی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 120 پروفیشنل گالفرز ایکشن میں نظر آئیں گے ان میں 50 ایشین ڈویلپمنٹ ٹور کے غیر ملکی اسٹارز‘ 5 ایشین ڈویلپمنٹ ٹور کے دعوت یافتہ‘ 50 پاکستانی ٹاپ گالفرز اور 10 پاکستانی امیچور اسٹار شرکت کریں گے۔ 2007ءکے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر غیر ملکی گالفرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 2 سے 5 نومبر تک منعقدہ اس انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان نیشنل رینکنگ کے 40 ٹاپ گالفرز کو براہ راست جگہ دی گئی ہے جبکہ باقی 10 گالفرز کا چناﺅ26 سے 28 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں منعقدہ کور کمانڈر گالف چیمپئن کے دوران کیا جائے گا۔سندھ کے 7 اسٹارز نے اپنی قومی رینکنگ کی بنیاد پر اس ایونٹ میں جگہ بنائی ہے۔ ان میں کراچی گالف کلب اور بنک الحیب کے وحید بلوچ‘ کراچی گالف کلب کے شہباز مسیح‘ محمد اشفاق‘ افسر علی‘ عامرمنشی رحمت اور عمران شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل پاکستان نے 1995ئ‘ 1996ئ‘ 1997ءپھر 2006ءاور 2007ءمیں ایشین ٹور کی میزبانی کی تھی تاہم 2008ءسے 2016ءتک سیکورٹی مسائل کی وجہ سے اس ٹور کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ 2016ءاور 2017ءمیں پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد‘ ورلڈ الیون کا دورہ‘ ڈیوس کپ ٹینس اور غیر ملکی ہاکی کھلاڑیوں کی آمد کے بعد اب انٹرنیشنل گالفرز کی آمد ملک میں امن و امان کی بہترین مثال ہے۔