ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے خسرہ ویکسین کے ری ایکشن سے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا اور اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے جاں بحق بچوں کے ورثاءکو دس ،دس لاکھ روپے جبکہ 2متاثرہ بچوں کے لواحقین کو دو، دو لاکھ روپے کے امدادی چیک بھجوائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ پنجاب فیصل ظہور ،ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد جمعہ کو ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچے۔ خواجہ عمران نذیر نے وزیراعلیٰ کی طرف سے متوفی و متاثرہ بچوں کے ورثاءاور دیگر لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس و ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ایک ویکسی نیٹر کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث معصوم بچوں کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر صحت عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج متاثرہ بچوں کی عیادت کی اور چک نمبر 262گ ب (مارتھ والا) میں جا کر جاں بحق بچوں کے والدین میں امدادی چیک تقسیم کئے ،اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پرصوبائی پارلیمانی سیکرٹری پاپولیشن چوہدری امجد علی جاوید،مسلم لیگی رہنما سابق ایم پی اے سردار مسعود خاں گادھی، ڈپٹی کمشنر کاشف محمد علی ،ڈی پی او عثمان اکرم گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریوارڈ کمیٹی کے رکن محمد افضل گجر اور محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چک نمبر 262گ ب (مارتھ والا) میں محکمہ صحت کے ویکسی نیٹر محمد شریف نے کمسن بچوں کو چھ گھنٹے سے زائد وقت سے تیار کی گئی ویکسی نیشن لگا دی تھی، جس کے باعث تین کمسن بچیاں جاں بحق جبکہ تین بچے شدید متاثر ہوئے ،ویکسی نیٹر محمد شریف کے خلاف تھانہ رجانہ میں مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ خسرہ سے بچاﺅ کی جو ویکسین تیار کی جاتی ہے وہ چھ گھنٹے کے اندر استعمال کرنا ہوتی ہے ،مگر مذکورہ ویکسی نیٹر نے 24گھنٹے بعد بھی اسی ویکسین سے بچوں کو ٹیکے لگا دئےے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ: خسرہ ویکسین سے بچوں کی ہلاکت تحقیقاتی ٹیم قائم‘ ورثاءکیلئے امداد کا اعلان
Oct 14, 2017