3 ریفرنس آئین کی خلاف ورزی‘ ایک میں تبدیل کیا جائے : نوازشریف کی سپریم کورٹ میں درخواست

Oct 14, 2017

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے آمد ن سے زائد اثاثوں پرایک کے بجائے تین ریفرنسز دائر کرنے پر نیب کے خلاف درخواست دائر کردی ۔خواجہ حارث ایڈووکیٹ کے ذریعے جمعہ کو دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے مختلف اثاثوں پر احتساب عدالت میں تین ریفرنسز دائر کیے جبکہ نیب قوانین کے سیکشن 9 کی ذیلی شق 5 کے تحت اثاثے جتنے بھی ہوں ریفرنس ایک ہی فائل ہوتا ہے۔نیب کی جانب سے دائر کیے گئے 3 ریفرنسز کو آئین و قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیب کو تینوں ریفرنسز کو ایک ریفرنس میں بدلنے کا حکم دیا جائے اور اس درخواست پر فیصلے تک احتساب عدالت میں جاری کاروائی روکی جائے۔پٹیشن کے مطابق کسی ملزم کے خلاف ایک ہی جیسے الزامات کے تحت متعدد ریفرنسز فائل کرنا اس کی سزا کو دوگنا کرسکتا ہے۔سابق وزیراعظم کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، وزارت قانون اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے رواں برس 28 جولائی کو پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دے دیا تھا جبکہ نیب کو شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔جس کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز دائر کیے گئے تھے، نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کا نام تینوں ریفرنسز جبکہ مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایون فیلڈ ایونیو میں موجود فلیٹس سے متعلق ریفرنس میں شامل ہے۔
نواز شریف درخواست

مزیدخبریں