لاہور+ اٹک (خصوصی رپورٹر+ آن لائن) فتح اللہ بس سٹاپ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں8 افراد جاں بحق جبکہ7 شدید زخمی ہو گئے‘ جاں بحق ہونے والوں میں فلائنگ کوچ کا ڈرائیور ایک خاتون اور اس کا بچہ بھی شامل ہیں سات نعشوں کی شناخت ہو سکی جبکہ ایک بچے کا نام معلوم نہیںہو سکا‘ تین شدید زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی سے پشاور جانے والی فلائنگ کوچ نمبرLES 7106 تیزرفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر پہلے فٹ پاتھ اور پھر درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی پریس ہو کر رہ گئی جاںبحق ہونے والوں میں عظمت ولد خضرحیات، صفدر گل ولد پائندہ گل، اجمیہ زوجہ خیرشاہ، اسکا بیٹا (جس کے نام کا علم نہیں ہوسکا) فلائنگ کوچ کا ڈرائیور نیاز علی، خانسا رحمن ولد بہادر اور عبدالحمید ولد رشید اقبال شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بلال، الیاس، راشد،آصف، ملنگ خان اور ایک نامعلوم شامل ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ صدر حسن ابدال کا عملہ اور موٹر وے کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ 1122 بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور مریضو ں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال منتقل کیا جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ان کے جیب سے نکلے والے شناختی کارڈ اور دیگر کاغذات سے ہوئی ہے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے حادثہ میں قیمتی انسان جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔
راولپنڈی سے پشاور جانیوالی کوچ درخت سے ٹکرا گئی‘ 8 مسافر جاں بحق‘ 7 زخمی
Oct 14, 2017