اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیرصدیقی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی ان کیمرہ کارروائی کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔18اکتوبر2017ء کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کریگا۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کی جاری کازلسٹ میںچیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے درخواست کی ساعت کیلئے تین رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔ واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، اختیارات سے تجاوز ، سرکاری پراپرٹی پر قبضہ،انکروچمنٹ کا الزام ہے۔ سی ڈی اے ایک ایک افسر نے کونسل میں درخواست(ریفرنس) دائر کررکھا ہے۔ کیس میں جسٹس شوکت عزیز کے وکیل ایڈووکیٹ حامد خان ہیں۔ انہوں نے سپریم جوڈیشل کونسل کی ان کیمرہ کارروائی کو کھلی عدالت میں چلانے کیلئے درخواست دائر کی تھی جو کونسل نے مسترد کردی ۔ جس پر انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ریفرنس کی سماعت کھلی عدالت میں کی جائے اور جب تک سپریم کورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ نہیں ہوجاتا سپریم جوڈیشنل کونسل میں دائر ریفرنس کی سماعت روکی جائے ۔چیف جسٹس نے مذکورہ درخواست 18اکتوبر کو سماعت کے لیئے فکسڈ کردی ہے۔