لاہور (خصوصی پورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ طویل عرصے کے بعد پنجاب میں تیل اورگیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جس پر ہم سب اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر بجا لاتے ہیں۔ پنجاب کے علاقے اٹک میں دریافت ہونے والے گیس اور تیل کے یہ قدرتی وسائل ملک کے 21 کروڑ عوام کی ملکیت ہیں اور یہ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ خیبر پی کے میں گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تو وہاں کی حکومت ہائی کورٹ سے سٹے آرڈر لے آئی لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے کیونکہ یہ وسائل پوری قوم کی امانت ہیں۔ پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ملکر پاکستان بنتا ہے اور جب یہ تمام اکائیاں ترقی کریں گی تبھی پاکستان ترقی کریگا۔ شہبازشریف نے ا ن خیالات کا اظہار اٹک میںتیل اورگیس کے منصوبے جھنڈیال ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار وسائل اورنعمتوں سے نوازا ہے۔ محنت، امانت اور دیانت کیساتھ ان وسائل سے فائدہ لیکر عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب لانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ پاکستان بین الاقوامی برادری میں دنیا کے نقشے پر مضبوط معاشی قوت بن کر ابھرے۔ انہوں نے کہاکہ دفاعی لحاظ سے پاکستان مضبوط ملک ہے اور یہ نیوکلیئر طاقت ہے، اس کیساتھ ساتھ ہمیں معاشی طورپر بھی مضبوط ہونا ہے اور معیشت کو بھی ایٹمی معیشت بنانا ہے۔ ایک ہاتھ میں نیوکلیئر طاقت اوردوسرے ہاتھ میں کشکول گدائی ہو، یہ کسی طور پر مناسب نہیں۔ کشکول گدائی ہماری قسمت نہ تھی بلکہ یہ ہمارے ا عمال کا نتیجہ ہے۔ اگر پنجاب آگے بڑھتا ہے اورباقی صوبے ترقی نہیں کرتے تو اسے ملک کی ترقی نہیں کہہ سکتے۔ چاروں اکائیاں ترقی کریں گی تب ہی ملک ترقی کریگا۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں 20 سالوں سے چھائے اندھیرے دور ہو رہے ہیں اور پاکستان پہلی مرتبہ بجلی کی پیداوار میں خودکفیل ہو گا۔ ایک وقت تھا جب بھارت سے ہمیں بجلی کی آفر آتی تھی لیکن اب وہ وقت بھی دور نہیں جب پاکستان ہندوستان کو اضافی بجلی فروخت کرنے کے قابل ہو گا۔ شہباز شریف سے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ملا قات کی- سیاسی امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا- شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے کے لئے ’’ہم‘‘ کی روش پر چلنا ہو گا- سیاست صرف عوامی خدمت کا نام ہے اورنیا پاکستان بنانے کے کھوکھلے نعرے لگانے سے تبدیلی نہیں آتی- تبدیلی کے لئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے- انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشیاں کرنے والے سیاسی عناصر اپنی ساکھ کھو بیٹھے ہیں اور الیکشن 2018 ء میں عوام خدمت، دیانت اور امانت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے جبکہ رکاوٹوں کے باوجودملک کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور تیزرفتاری کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔ دھرنا دینے والے ایک بار پھر ذاتی ایجنڈا کی خاطر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں اور یہ شکست خوردہ سیاسی عناصر ذاتی مفادات کیلئے انتشار کی سیاست کرکے ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں۔ ملک میں استحکام ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ ایک طرف شفافیت اورخدمت کی داستان رقم ہوئی ہے تو دوسری طرف جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشیاں کی گئی ہیں۔ الزام تراشی اور بہتان طرازی کرنے والے یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ وزیراعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس کی صدارت کی جس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات اورصوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم نبوتؐ کے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے اور وفاقی حکومت نے ختم نبوتؐ کے حلف نامے کے قانون کو اصل شکل میں بحال کردیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے فوری طور پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان میں شامل ہے اور صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور ماحول کو سازگار بنانا ہم سب کی ملی، قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔