وفاقی اردو یونیورسٹی ملک کا واحد ادارہ‘ ایک ہی وقت میں 3 وائس چانسلر

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)وفاقی اردو یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جس کے ایک ہی وقت میں تین وائس چانسلر ہیںاور تینوں کے پاس مجاز فورمز سے اپنی تعیناتی کے تقرر نامے بھی موجود ہے۔ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد ہیں جو ایک ماہ پہلے تک عملی طورپر یونیورسٹی کے وائس چانسلر تھے لیکن عدالتی حکم پر انہیں ا س عہدے سے ہٹا دیا گیا تاہم وہ ابھی تک وائس چانسلر ہونے کے دعویدارہیں کیونکہ ان کے پاس صدر مملکت کی طرف سے تعیناتی کانوٹیفیکیشن موجود ہے۔عدالت کی طرف سے بحال ہونے والے پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال بھی یونیورسٹی کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے ان کو وائس چانسلر کے عہدے پر بحال کر دیا ہے لہذٰا وہی اصل وائس چانسلر ہیں ۔تیسر ے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین ہیں ،ان کو یونیورسٹی کے سینیٹ نے وائس چانسلر تعینات کیا ہے ۔سینیٹ کے اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال کی علالت کی وجہ سے پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین کو وائس چانسلر تعینات کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کی صحتیابی تک یہ تعیناتی کی گئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین ایم کیوایم لندن کے قائد کے والد کے نام پر کراچی میں قائم نذر حسین یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔وفاقی اردو یونیورسٹی کی اس صورتحال کی وجہ سے ادارے کے تمام معاملات جمود کا شکار ہیں،انتظامی معاملات کو چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ملازمین اور طلبا میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔یونیورسٹی میں حال ہی میں نئے داخلے ہو چکے ہیں اور سیشن کا آغاز ہو گیا ہے لیکن یونیورسٹی کا نظام درست طریقے سے چلانے کے حوالے سے مسائل آرہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن