کوئٹہ (آئی این پی+ صباح نیوز) کوئٹہ کے علاقے فقیر محمد روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فقیر محمد روڈ پر نامعلوم ملزموں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر بچہ زخمی ہو گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جب کہ دیگر زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب قمبرانی روڈ پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔ جس سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
کوئٹہ/ فائرنگ