اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ملکی معیشت گرنے کی واحد وجہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا جانا ہے۔ نوازشریف کو نااہل کئے جانے سے سی پیک کو بھی خطرہ ہے۔ ملک میں استحکام رکھنا اداروں اور سیاستدانوں دونوں کا فرض ہے۔ عدالت میں ہونے والا واقعہ افسوسناک ہے۔ وکلاءاور بار کے ساتھ بیٹھ کر طریقہ کار بنائیں گے۔ آج کے واقعہ میں ہمارا کوئی سیاسی کارکن یا رہنما ملوث نہیں ہے۔ دریں اثنا وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان اداروں کا احترام نہیں کرتے۔ عمران نے جسٹس افتخار سے معافی مانگی تھی۔ نوازشریف نے کمر درد کا بہانہ نہیں کیا‘ عدالت میں پیش ہوئے۔ اداروں پر جس نے حملے کئے وہ عمران ہیں۔ عمران اشتہاری ملزم ہے‘ عمران نے کبھی پاکستان کے قانون کو نہیں مانا‘ ہم نے عدالتوں کا احترام کیا۔ تمام قومی اداروں اور حکومت نے مل کر دہشتگردی کا خاتمہ کیا‘ نوازشریف نے تحفظات کے باوجود عدالت کا فیصلہ مانا۔ نیب عدالت میں جو کچھ ہوا اس کی تحقیقات ہوں گی۔ نوازشریف مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر ہیں۔ کس شخص کو لانا ہے کس کو نہیں یہ اختیار عوام کا ہے۔
ہنگامہ آرائی میں ہماراکوئی کارکن ملوث نہیں: مسلم لیگ ن
Oct 14, 2017