محمد صفدر شاہکوٹ سے گورنمنٹ کالج میں پڑھنے آیا تھا، میٹرک اعزاز کے ساتھ کیا اور ضلع بھر میں دوسری پوزیشن تھی۔ کالج کے ابتدائی واجبات سات سو روپے بنے تھے، جو باپ نے بھینس بیچ کر پورے کئے تھے۔ مگر یہاں تو ہر مہینے کا خرچہ تھا، جس کا کوئی معقول انتظام نہ ہو سکا، تو محمد صفدر پینک (Panic) ہو گیا۔ کالج چھوڑ دیا اور پرنسپل ڈاکٹر نذیر احمد روکتے ہی رہ گئے۔
روزگار کی ضرورت تھی، چنانحہ علاقہ کے کالج میں لیبارٹری اٹینڈنٹ بھرتی ہو گیا۔ پھر شادی ہو گئی اور اللہ نے دو بیٹے دئیے۔ ایک باہر سے پی ایچ ڈی کر کے آیا ہے اور دوسرا سول سروس میں ہے۔ بظاہر خوش ہے کہ اللہ نے اولاد کی شکل میں اس کی خواہشات کی تکمیل کر دی مگر میں جانتا ہوں کہ اندر سے وہ اب بھی دکھی ہے سو جب بھی ملے، یہ ضرور کہتا ہے۔ شاہ جی! میٹرک میں میرے آپ سے سات نمبر زیادہ تھے۔