کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی اورکے ایس ای100انڈیکس1700پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس39ہزار اور38ہزار پوائنٹس کی2نفسیاتی حد سے گر گیا اور37500پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے اثرات غالب آنے سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے361ارب روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 80کھرب روپے سے گھٹ کر77کھرب روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کی لپیٹ میں آ گئی اور 3دن کی مندی سے انڈیکس 2602.22پوائنٹس لوز کر گیا جبکہ2دن کی محدود کاروباری تیزی سے انڈیکس نے 893.8 پوائنٹس ریکور کئے مگر مجموعی طور پر مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق امرکی صدر کی جانب سے شرح سود میں اضافے ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق شرح سود میں اضافے سے متعلق امریکی صدڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد پاکستا ن کی اسٹاک مارکیٹ بھی امریکا سمیت ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں پرچھائی مندی کے زیر اثر آ گئی ،ماہرین کے مطابق عالمی کساد بازاری پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بری طرح اثر انداز ہو رہی ہے جبکہ ملکی معاشی و اقتصادی پالسیوں پر عدم اطمینان جیسی صورتحال بھی مارکیٹ کو تنزلی کی جانب دھکیل رہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاربھی منافع کی خاطر حصص کی فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نیا ٹریگر کا نہ ہونا بھی اسکی تنزلی کا سبب بن رہا ہے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 1708.42پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 39226.35پوائنٹس سے کم ہو کر37517.93پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 820.96پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 18256.91پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28795.99پوائنٹس سے کم ہو کر 27767.45 پوائنٹس ہو گیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 3کھرب 61ارب48 کروڑ 13لاکھ95ہزار 154روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 80 کھرب 66ارب61کروڑ45لاکھ348روپے سے گھٹ کر77کھرب 5ارب 13کروڑ 31لاکھ 5ہزار 194روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوان کے ایس ای100 انڈیکس39297.75پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا جبکہ مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس 37401.86پوائنٹس کی پست ترین سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 9ارب روپے مالیت کے 22 کروڑ 51 لاکھ17ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم5ارب روپے مالیت کے 13کروڑ46لاکھ 4ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر1874 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے582کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1203میں کمی اور89کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے بینک آف پنجاب ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،لوٹے کیمیکل ،فوجی سیمنٹ ،ازگارڈن نائن ،اینگرو پولیم، یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،پاک انٹر نیشنل بلک ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،پی آئی اے ،میزان بینک لمیٹڈ ،ڈی جی کے سیمنٹ ،عائشہ اسٹیل مل اور بینک الفلاح سر فہرست رہے ۔
اسٹاک مارکیٹ
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی انڈیکس1700پوائنٹس گر گیا
Oct 14, 2018