سیالکوٹ میں بھی محنت کش کے نام سے کروڑوں کی ٹرانزیکشن کا انکشاف

Oct 14, 2018

سیالکوٹ، کراچی ( نا مہ نگار+نما ئندہ خصوصی+ آئی این پی) سیالکوٹ کے شہری کے نام کروڑوں کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے، شہری دبئی میں محنت مزدوری کرتا تھا۔سیالکوٹ کے شہری ذاکر شاہ کے اکاﺅنٹس سے کروڑوں روپے ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے، شہری بینک میں اکاﺅنٹ کھلوانے گیا تو پتہ چلا کہ لاہور میں اس کے نام سے پہلے ہی اکاﺅنٹ چل رہا ہے، بینک سٹیٹمنٹ حاصل کی تو معلوم ہوا کہ لاہور میں موجود اکاﺅنٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی جس میں سوات، کراچی اور مینگورہ سے رقوم بھی منتقل کی گئیں۔75 صفحات پر مبنی بینک سٹیٹمنٹ پر 7 کروڑ 44 لاکھ 76 ہزار 322 روپے کی ٹرانزکشن ہوئی، بینک نے شہری کے اکاﺅنٹ کے غلط استعمال کا تصدیقی لیٹر جاری کر دیا۔ اکاﺅنٹ میں سوات مینگورہ اور کراچی سے رقوم منتقل کی گئیں ۔ خدشہ ہے کہ اکاﺅنٹ دہشت گردی کیلئے استعمال نہ کیا گیا ہو۔ متاثرہ شخص نے کہا کہ چار مہینے سے ایف آئی اے کو درخواست دینے کے باوجود کارروئی عمل میں نہیں آئی، اکاﺅنٹ کے متعلق علم نہیں۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں جعلی اکاﺅنٹس کی تحقیقات کےلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 100ارب روپے سے زیادہ رقم کا سراغ لگا لیا ،اب تک 334 افراد اور210 کمپنیوں کا سراغ لگایا گیا ہے، جعلی اکاونٹس کے حوالے سے نئے نام بھی سامنے آرہے ہیں۔ذرائع کے مطابق کاروباری ،سیاسی اور دیگر شخصیات کے نام پر یہ رقوم رکھی گئی ہیں اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائی گئی ہیں ۔گزشتہ روز جے آئی ٹی کی سفارش پر وزارت داخلہ نے جعلی اکاونٹس کیس میں اب تک 75 سے زیادہ افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالے ہیں ۔ جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے ہیر پھیر کرنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 2015ءسے پہلے کے تمام اکاﺅنٹس کی بائیومیٹرک تصدیق جلد شروع کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سٹیٹ بنک نے اکاﺅنٹس کی کڑی جانچ پڑتال کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ تقریباً 5 کروڑ اکاﺅنٹس کی تصدیق کی جائے گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سٹیٹ بنک اس حوالے سے قوانین آئندہ ہفتے جاری کرسکتا ہے۔
ٹرانزیکشن/ انکشاف

مزیدخبریں