قومی کرکٹرز کی ابوظہبی میں پریکٹس ٹیم کی قیادت کا نہیں سوچا : اسد شفیق

Oct 14, 2018

لاہور (نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کوچز کی زیر نگرانی مختلف ورزشوں کا مظاہرہ کیا۔ کوچز نے کھلاڑیوں کو ان کی خامیاں دور کرنے میں مدد کی ۔ فاسٹ بائولرز اور بلے بازوں نے نیٹ پریکٹس کی اور اس دوران فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ کیا گیا ۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے بارے میں نہیں سوچ رہا اور سرفراز احمد تینوں فارمیٹس میں عمدہ کپتانی کر رہے ہیں۔ فی الحال طویل دورانئے کی کرکٹ میں قیادت کے حوالے سے ان کی کوئی دل چسپی نہیں ہے۔اسد شفیق کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں سرفراز احمد تینوں فارمیٹس میں بہتر انداز میں قیادت کر رہے ہیں۔ جب وقت آئے گا تو اس بارے میں سوچوں گا، ابھی اپنے کھیل پر توجہ مرکوز ہے۔ پہلی اننگز میں سنچری نہ بنانے کا افسوس ہے جبکہ دوسری اننگز میں ٹیم مینجمنٹ کی ہدایت کے مطابق بیٹنگ کی تھی۔ دبئی ٹیسٹ کا ڈرا بجا طور پر آسڑیلیا کی جیت کے مترادف ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ابوظہبی میں ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ ہو گا، ہم فیورٹ کی حیثیت سے ہی میدان میں اتریں گے۔ نیتھن لیون کی صلاحیت پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا ۔ ہر فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم رکھتاہوں۔

مزیدخبریں