فیصل آباد: وزیراعظم کے اعلان کردہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام پر عملدرآمد کاشروع

Oct 14, 2018

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ ’’ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام‘‘پر عملدرآمد کے لئے محکمانہ اقدامات کا آغاز کر دیا گیا اور پروگرام میں پہلے مرحلے کے دوران ضلع فیصل آباد کو منتخب کیا گیا۔ اس سلسلے میں فیصل آباد میں رہائشی سکیم کے لئے محکمہ ہائوسنگ کی ٹیکنیکل ٹیم یہاں پہنچی تاکہ مناسب جگہ کے انتخاب کے لئے سفارشات تیار کی جا سکیں۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ انجینئرنگ محکمہ ہائوسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ رضوان الرحمن کی سربراہی میں ٹیکنیکل ٹیم نے ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد سے میٹنگ کی ۔ چیف فنانشیل آفیسر پنجاب لمٹیڈ ڈویلپمنٹ کمپنی شفیق اعجاز ‘ آرکٹیکٹ اعظم سعید ‘ سی ای او اربن انوائرمنٹل پلاننر ندیم خورشید ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز قیصر عباس رند ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ داکٹر نوید افتخار ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ہائوسنگ محمد سعید اور دیگر افسران کے علاوہ صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار ‘ سپریم انجمن تاجران کے محمد اسلم بھلی و دیگر موجود تھے ۔ ٹیکنیکل ٹیم نے ’’نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام ‘‘کے نمایاں پہلوئوں اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار‘ قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا۔ اس پروگرام کے تحت ایسی قابل عمل اور بہتر اراضی کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ وہاں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں آسانی ہو۔ اس ہائوسنگ پروگرام میں ملکیتی گھر نہ رکھنے والے کم اور درمیانی آمدنی والے افراد کو طے شدہ شرائط کے مطابق رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے ٹیکنیکل ٹیم کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جھنگ روڈ ‘ سمندری روڈ ‘ جڑانوالہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بعض سرکاری اراضی کی نشاندہی کی ہے جن کا سروے کرکے مناسب فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ ’’نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام ‘‘پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام تر محکمانہ اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی ۔ اجلاس میں صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار اور دیگر شرکاء نے اس پروگرام کے تحت رہائشی کالونی کے قیام کے لئے وسیع البنیاد سروے اور حقیقی سٹڈی کی تجویز دی اور کہا کہ بنیادی سہولتوں کے لئے آسان اراضی کا ہی انتخاب کیا جائے ۔ بعدازاں ٹیکنیکل ٹیم نے چک نمبر 229 ر ۔ ب مکوآنہ کے قریب دستیاب سرکاری اراضی اور دیگر علاقوں کی سرکاری اراضی کا معائنہ کیا تاکہ اس ضمن میں’’ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی‘‘ کو رپورٹ پیش کی جا سکے ۔

مزیدخبریں