؛دوشنبے : چینی وزیراعظم کی روسی ہم منصب سے ملاقات‘ باہمی امور پر تبادلہ خیال

Oct 14, 2018

دوشنبے (اے پی پی‘ اے ایف پی‘ آئی این پی) چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں روس کے وزیر اعظم دیمرتی میدویوف سے ملاقات کی۔ملاقات میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین اور روس کے تعلقات میں تیزتر ترقی کو برقرار رکھا جارہا ہے۔کچھ عرصے قبل دونوں ممالک کے صدور نے چوتھے مشرقی اقتصادی فورم کے دوران ایک کامیاب ملاقات کی تھی۔چین کی خواہش ہے کہ روس کے ساتھ جامع سٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بنایا جائے ، مفادات کی شراکت داری کو فروغ دیا جائے اور دو طرفہ تعاون میں نئی قوت ڈالی جائے۔چینی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کے باعث چین اور روس کے دو طرفہ اقتصادی تعاون میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔موجودہ پیچیدہ عالمی صورتحال میں چین ، روس کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتا ہے نیز تعاون کے امکانات میں اضافے اور توانائی ،ٹیکنالوجی اور مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔روسی وزیراعظم نے کہا کہ روس اور چین کے مابین مختلف میدانوں میں تعاون کو مستحکم طور پر آگے بڑھایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں