لاہور (پ ر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اور دینی تعلیمات کسی طور بھی اپنی زندگی کے خاتمے کی اجازت نہیں دیتا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ خودکشی جیسے غیر انسانی اقدام کی حوصلہ شکنی کے لئے ذہنی و نفسیاتی علاج پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ایسے انتہائی اقدام کا موقع ہی نہ آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ذہنی و نفسیاتی صحت کے زیراہتمام منعقدہ آگاہی واک اور معلوماتی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ذہنی و نفسیاتی صحت میو ہسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی مہمان خصوصی جبکہ ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے پروفیسر صاحبان‘ سینئر ڈاکٹرز‘ نرسنگ و پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔