لکھنؤ(اے پی پی) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ایک بار پھر امید ظاہر کی ہے سپریم کورٹ میں زیر سماعت بابری مسجدمقدمہ کا فیصلہ حق و انصاف کے مطابق ہوگا۔ دارالعلوم ندوۃالعلماء میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مختلف امور پر غور و خوض کرنے کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت بابری مسجد مقدمہ میں جو دلائل و شواہد پیش کئے گئے ہیں ان کی بنیاد پر پوری توقع کی جاتی ہے کہ فیصلہ بابری مسجد کے ہی حق میں ہوگا، جو حق و صداقت کے تقاضوں پر مبنی ہوگا۔ اجلاس کی صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کی۔بیان میں مزید کہا گیا بابری مسجد کے سلسلہ میں مسلمانان ہند کا موقف وہی ہے جس کا بورڈ کی طرف سے باربار اظہار کیا گیا ہے کہ جو جگہ مسجد کے لئے وقف کردی جائے وہ ہمیشہ مسجد باقی رہتی ہے۔ اس کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ اس لئے نہ مسلمان اس سے دستبردار ہوسکتے ہیں اور نہ اسے منتقل کرسکتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کا یہ نقطہ نظر پوری طرح تاریخی حقائق اور شواہد پر مبنی ہے کہ بابری مسجد کسی مندر کو منہدم کرکے یا کسی مندر کی جگہ پر تعمیر نہیں کی گئی۔ ایک قرار داد میں بورڈ نے کہا کہ تین طلاق سے متعلق جو قانون پارلیمنٹ سے پاس کیا گیا ہے وہ قانون شریعت میں مداخلت ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلہ اور دستور ہند کی بھی خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس قانون کو عدلیہ میں چیلنج کرے گا اور عنقریب اس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔