مارچ میں ڈنڈے لہرانے پر کارروائی ہوگی، خون خرابے کی اجازت نہیں دیں گے: شوکت یوسفزئی

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی سیاسی مفادات کے لیے خون خرابے کی اجازت نہیں دیں گے، باوردی فورس بنا کر ڈنڈے لہرانے پر ایکشن ہوگا۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک و قوم کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں جبکہ مولانا صاحب حکومت کے خلاف بے بنیاد مہم چلانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوان عناصراحتساب سے بچنے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، مولانا صاحب کو عوام نے مسترد کردیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بد عنوان عناصر کے احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی نظام کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن ریاستی رٹ چیلنج کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ باوردی فورس بنا کر ڈنڈے لہرانے پر ایکشن ہوگا اور جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کے خلاف مقدمے بنیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمن اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس کام میں وہ مدارس کے بچوں کو بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن جس طرح کی سیاست کرتے ہوئے ہیں وہ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔

ای پیپر دی نیشن