لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوھری پرویز الٰہی سے جہانگیر ترین کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اسحاق خاکوانی اور عون چودھری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری سالک حسین ایم این اے اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔ جہانگیر خان ترین اور دیگر رہنمائوں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل چودھری ذوالفقار احمد سندھو کی قیادت میں وکلاء کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور و مقصد عام اور غریب آدمی کی خدمت اور اولین ترجیح پسماندہ طبقوں و علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ ہے۔ وفد میں چودھری طاہر محمود، حافظ اللہ دتہ کاشف، اطہر حسین بخاری، عظیم الحق پیرزادہ، چودھری محمد افضل، شاہد سندھو، چودھری دلدار پرویز، شیخ تنویر احمد، چودھری سلمان صادق، سعید محمد شاہ، چودھری عبدالوحید اور حسن سندھو ایڈووکیٹ شامل تھے۔ وفد نے چودھری پرویزالٰہی کے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور جنوبی پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ کئے گئے عوامی فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملتان کے عوام کی محرومیوں کو اپنے دور میں ختم کرنے، کارڈیالوجی ہسپتال، ڈینٹل کالج، برن سنٹر، چلڈرن ہسپتال کے قیام پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو ختم کرنے میں آپ نے اہم رول ادا کیا ہے اور اس مقصد کیلئے مثالی فوری، مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملتا ہے ہم ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو حل کرتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بھی پنجاب کے عوام کو صحت، تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔