نوازشریف کا خط بھائی بھی نہیں مانتے، فضل الرحمن کو حلوے کی کشش کھینچ رہی ہے: فردوس عاشق

Oct 14, 2019

اسلام آباد+سیالکوٹ+ستراہ( آئی این پی+نامہ نگار+آن لائن ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن و سلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کا کردار امت مسلمہ اور دنیا کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق نے کہا کہ عمران خان دنیا بھر میں نئے، پرعزم، بااعتماد، باوقار اور روشن پاکستان کا چہرہ متعارف کرا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر ایک عالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا جہاں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں پوری امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوجوانوں کو خودمختار اور بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔ سابق حکمرانوں نے قوم کو لوٹا اور گروی رکھا‘ اس گمراہ ٹولے کو عوام کو گمراہ کرنے میں ناکامی ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان قوم کا لوٹا ہوا پیسہ ان سے بازیاب کرائیں گے۔ آج وزیراعظم مظلوم کشمیریوں کے سفیر بن کر ہر فورم پرکیس لڑ رہے ہیں۔ فضل الرحمن کو جہاں حلوے کی کشش کھینچ رہی وہیں کا رخ کر رہے ہیں۔ یہ لوگ اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے جیلوں میں ہیں۔ دریں اثناء ڈسکہ میں قاری ذوالفقار علی سیالوی کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی سابق چیئرمین قاری منظور سیالوی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ماریہ جاوید، حاجی عبدالغفور سمیت معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں ڈھلم غازی کے علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان دنیا کے مقبول لیڈر ہیں، مخالفین گمراہ کرنے کیلئے مہنگائی کا پروپیگنڈا کررہے ہیں، نواز شریف کے خط کوان کا بھائی ما ننے کیلئے تیار نہیں ہے، لٹیروں کو ان کی اصل جگہ پہنچانے کا وعدہ پورا کریں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام تک سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، غریبوں نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر عمران خان کو ووٹ دئیے ہیں، اس علاقے کے لوگ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسان کاروباری مواقع کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، سی پیک منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہونگے کیونکہ عمران خان نے اپنے دورہ چین کے دوران سی پیک اتھارٹی کے تحت متعدد معاہدے کیے ہیں جن میں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار فراہمی کی ضمانت دی گئی ہے۔ سی پیک منصوبے کے تحت اکنامک زونز بن رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے اور بے روزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، ان لوگوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے ملک کو قرضوں میں ڈبویا، انہوں نے ایون فیلڈ سمیت اپنے بچوں کی خوشیوں کے لئے قوم کے بچوں کی خوشیوں کو قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوان طبقے کی فلاح کیلئے سرگرم عمل ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے ملکی خزانے کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھٹکے ہوئے لوگ ذاتی اقتدار سے محرومی کو قوم کی محرومی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اداکاری کے ذریعے ملک کو لوٹا اور قوم کو قرضوں کی دلدل میں پھینکا، آپ کے دل میں قوم کے بچوں کا درد نہیں ہے بلکہ آپ کے بچے تو پاکستان سے باہر پرسکون زندگی گزار رہے ہیں، قرآن پاک پڑھنے والے معصوم بچوں کو ورغلایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا اسلام اور جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں، انہیں ملک کی نہیں بلکہ حلوے کی فکر رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک و قوم کی ترقی کیلئے لگن اور جذبے سے کام کر رہے ہیں اور یہاں موجود لوگ وزیراعظم عمران خان سے دیوانہ وار عقیدت کا اظہار کرنے کے لئے جمع ہیں، گمراہ ٹولہ عوام کو گمراہ کرنے میں ناکام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے مقبول ترین رہنما ہیں، وزیراعظم کا مسلم امہ کیلئے کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم اس تناظر میں ایران اور سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر میرپور میں زلزلہ کے موقع پر گونگے بہرے بن گئے، انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز نہیں اٹھائی، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا وکیل، سفیر اور ترجمان بن کر مظلوم کشمیریوں کو حق دلانے کے لئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ دو خاندان اپنی سیاہ کار کرتوتوں کے باعث جیل میں ہیں وہ بچوں کو اپنی ہوس کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں کو وزیراعظم عمران خان ان کی اصل جگہ پر پہنچائیں گے، ان میں سے کچھ تو پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی بھی اصل جگہ پر پہنچ جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان ان سے لوٹا ہوا پیسہ بازیاب کرائیں گے اور قوم کی ترقی پر خرچ کریں گے۔ اس سے بجلی، گیس، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور وزیراعظم کی زیرقیادت ترقی یافتہ اور روشن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور پسے ہوئے طبقات کا واحد سہارا وزیراعظم عمران خان ہیں باقی مداری اور قوم کو چونا لگانے والے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ آپ کے خط میں جو لکھا ہے وہ آپ کے بھائی بھی ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں، آپ ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں آپ وزیراعظم ہوں اور آپ کا بھائی وزیراعلی ہو، اس کے علاوہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو آپ نہیں مانتے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کے ذریعے جمہوریت کو طاقتور اور پارلیمنٹ کو بااختیار بنائیں گے۔ عوام کی طاقت سے پاکستان بدلے گا، گلے سڑے نظام سے نجات ملے گی اور پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

مزیدخبریں