وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین محمد انور اور دیگرعہدیداروں کی اجلاس میں شرکت، اجلاس میں کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں سے مشاورت کے لئے ایڈوائزی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ ایڈوائزی کمیٹی کاشتکاروں کے مسائل اورسفارشات پر مبنی رپورٹ جلد پیش کرے، قصور میں گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کے اسباب کو دورکیا جائےاور محکمہ زراعت اورخوراک کاشتکاروں کی سفارشات کے مطابق پالیسیاں ترتیب دے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہمحکمہ زراعت اورایگری کلچر مارکیٹنگ کسانوں سے روابط بڑھائیں،ہر ضلع اورڈویژن کی سطح پر مشاورتی عمل میں کسان بھائیوں کی شرکت سے خوش آئند نتائج برآمد ہوں گے، سب ٹھیک کی رپورٹ کا رویہ بدلنا ہوگا،سٹیک ہولڈر سے مشاورت ضروری ہے،زرعی ٹیوب ویل کیلئے بجلی کے نرخ اورواجبات کے بارے میں وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی،اجناس کے نرخ مقرر کرنے کے معاملے پر وفاقی حکومت کو کاشتکاروں کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں پر درج مقدمات کے بارے میں پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔اجلاس میں کسان مارکیٹ کی تجویز بھی زیر غور رہی۔
صوبائی وزیر زراعت نعمان لنگڑیال نے کہا ،پنجاب میں اس سال 20نئے بیچ متعارف کرائے جارہے ہیں،سفید مکھی اوردیگر نقصانات سے بچنے کیلئے اجناس کے نئے بیچ کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔
صوبائی وزراء راجہ بشارت، ملک نعمان احمد لنگڑیال،سردار آصف نکئی،سمیع اللہ چوہدری، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، انسپکٹر جنرل پولیس اورمتعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت-