پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں

کراچی(اے پی پی)  پاکستان کوسٹ گارڈزنے غیر قانونی کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف گذشتہ دوہفتوں کے دوران مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے منشیات،  چھالیہ،ایرانی ڈیزل ، متفرق اشیاء اور 5 عددمزدا ٹرک اپنی تحویل میں لے لئے جبکہ 9افراد کوگرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاری ہے۔پکڑی جانے والی چھالیہ،ایرانی ڈیزل اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً330ملین روپے کے لگ بھگ ہے ۔ کوسٹ گارڈز سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزنے وندر بلوچستان میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ پردوران چیکنگ سبزی سے بھر ے مزدا ٹرک سے سبزی میں چھپائی گئی46کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس  برآمد کر کے ایک فرد کو گرفتار کر لیاجبکہ مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران754 کلو گرام چھالیہ،576   اسٹیک غیر ملکی سگریٹ،490پیکٹ انڈین گٹکا اور متفرق اشیاء برآمد کرلیں ۔ اسی طرح بلوچستان کے شہر وندر کے قریب مختلف جگہوںسے غیر قانو نی طریقے سے چھپایا گیا1لاکھ 35ہزار لیٹرایرانی ڈیزل بھی برآمدکر لیاہے۔سپر ہائی وے،کراچی سے دوران چیکنگ چار مختلف ٹرکو ں سے 29,686کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے 8افراد کوحراست میں لے لیا۔پاکستان کوسٹ گارڈز نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میںبھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ  وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن