لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے واقعہ کی کوریج پر پابندی کے احکامات کو معطل کر دیا ہے اور ہدایت کی کہ میڈیا پر ملزموں اور مدعی کی تصاویر نشر نہ کی جائیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل ابوذر سلمان خان نیازی نے نشاندہی کی کہ انسداد دہشتگری عدالت کے حکم پر پیمرا نے موٹروے ریپ کیس کی کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔ وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ پابندی کے احکامات آئین کے بنیادی حقوق کے منافی ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ میڈیا مقدمہ کی کارروائی سے متعلق رپورٹنگ کرسکتا ہے۔ رائٹ آف انفارمیشن کے تحت عوام کو آگاہی سے نہیں روکا جا سکتا۔ جب پیمرا نے پابندی لگائی تھی تو وزرا اور مشیروں کی تقریریں کیوں نشر ہوئیں۔ وہ دور ختم ہوگیا جب حکومت کے سارے گناہ معاف اور اپوزیشن کو بغیر گناہ کے سزا ملتی تھی۔