مفتاح اسماعیل نے آلو کے چپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی: علی زیدی کا الزام 

کراچی(نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے اپنی کمپنی کے ذریعے افغانستان کو آلو کے چپس ایکسپورٹ کرنے کے نام پر منی لانڈرنگ کی تھی۔ علی زیدی نے مفتاح اسماعیل کی کمپنی کے خلاف ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا خط ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 420 ڈالر فی کلو آلو چپس افغانستان ایکسپورٹ کے ساتھ منی لانڈرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو آلو کے چپس 420 ڈالر فی کلو کے حساب سے برآمد کیے گئے۔ حالانکہ وہاں امپورٹڈ چپس 15.67 ڈالر فی کلو میں دستیاب تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد زبیر عمر، مفتاح اسماعیل کے معاملے کی وضاحت کریں کیوں کہ وہ ان کے بھی ترجمان ہیں۔ بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ علی زیدی ڈھائی سال پہلے بھی جھوٹا الزام لگا چکے ہیں اور وہ پہلے بھی علی زیدی کو الزام واپس لینے کا لیٹر دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی علی زیدی سے 10 لاکھ روپے کی شرط لگائی تھی، وہ پیچھے ہٹ گئے، ان کے پاس کچھ نہیں رہا تو وہ جھوٹ بیچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل جسے جھوٹ قرار دے چکی، علی زیدی کو اس جھوٹ کی پھر سے تشہیر کرتے شرم آنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن