کراچی (صباح نیوز)کراچی میں فشریز کے پی ٹی بوٹ بلڈنگ یارڈ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا،8کشتیاں جل کر راکھ بن گئیں ، کولنگ کا عمل جاری ہے، کے پی ٹی، کے ایم سی اور بحریہ کے فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے فشریز پر قائم شپ بلڈنگ یارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی لمحوں میں کئی کشتیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہر طرف صرف دھوئیں کے بادل چھا گئے ۔ شپ بلڈنگ یارڈ پر کام کرنے والوں نے کہا کہ اطلاع کے باوجود ریسکیو ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ بڑے حصے میں پھیلی۔شروع ہوتے ہی ریسکیو آپریشن کو پانی کی قلت کے باعث روک دیا گیا، جس کے باعث رات سے صبح تک آگ نے ایک، ایک کر کے 8کشتیوں کو جلا ڈالا، تاہم شدید نوعیت کی آگ پر کے ایم سی، پاکستان نیوی اور پورٹ قاسم کے فائر ٹینڈرز نے 5 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پایا،کولنگ کا عمل جاری ہے ، آگ کی وجہ فی الحال سامنے نہ آسکی۔تباہ ہونے والی بوٹس کے مالکان نے آگ بجھانے میں تاخیر کے الزامات عائد کیے۔ ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ آگ کی شدت زیادہ تھی۔ریسکیو اداروں سے مل کر آگ بجھانے کی کوشش کی گئی۔