گوجرانوالہ‘ پکڑ دھکڑ جاری‘ 3 گرفتار‘ جلسہ ہر صورت ہو گا: رانا ثنائ‘ کائرہ

Oct 14, 2020

گوجرانوالہ+ گکھڑ منڈی+ سادھو کے+ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ + وقائع نگار خصوصی) پی ڈی ایم کے پرسوں 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے سے قبل ہی پکڑ دھکڑ‘ ہورڈنگز اور بینرز اتارنے کیلئے باقاعدہ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ 16 اکتوبر کے جلسہ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی کارنر میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب پولیس بھی کافی متحرک ہو گئی ہے۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون پولیس نے سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ سے قبل ہی چھاپہ مار کر پیپلز پارٹی کے تین کارکنان کو حراست میں لے کر کرسیاں اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا ہے۔ پولیس کے ریڈ کے دوران ہی پیپلز پارٹی کے سٹی صدر ودود ڈار اور دیگر کارکنان موقع پر پہنچ گئے۔ سٹی صدر ودود ڈار کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ پریس کانفرنس کے لیے یہاں آ رہے تھے جس سے قبل ہی پولیس نے چھاپہ مار کر ہمارے کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اجازت کے بغیر کارنر میٹنگز اور جلسے پر پابندی عائد ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم جلسہ کی تیاریوں میں مصروف رہنمائوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے‘ صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ گکھڑ ندیم صابر ودیگر رہنما پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے‘ ساتھیوں سمیت بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔لیگی قیادت کو میٹنگ کے دوران گالی گلوچ کرنے پر اندراج مقدمہ کی درخواست سی پی او کو دے دی گئی۔ درخواست لیگی ایم پی اے وقار چیمہ نے دی۔ تفصیلات کے مطابق لیگی قیادت کو گالی گلوچ دینے پر لیگی ایم پی اے وقار چیمہ نے سی پی او کو اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دے دی ہے۔ مسلم لیگ ن پی پی 53 کے رہنما چودھری محمد زبیر چیمہ کے ڈیرہ پر گوجرانوالہ جلسہ میں شرکت کی تیاری کے لیے منعقد ہونے والا مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن  منعقد نہ ہوسکا۔ کنونشن انتظامیہ کی طرف سے ڈیرہ کے احاطہ میں کرسیاں اور سٹیج تیار کیا گیا اس کنونشن میں کارکنوں کے علاوہ ضلعی، صوبائی و مرکزی قائدین کی شرکت متوقع تھی لیکن پولیس کا موقف تھا کہ انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کنونشن نہیں ہوسکتا۔ ورکرز کنونشن کی انتظامیہ کی طرف سے شرکت کے لیے آنے والے قائدین کے استقبال کے لیے منگوائی گئی ڈانس کرنے والی گھوڑیاں اور کرسیاں پولیس نے قبضہ میں لے کر تھانہ کینٹ میں بندکردیں۔ شام تک کنونشن انتظامیہ کنونشن کروانے اور پولیس اسے روکنے کے لیے آمنے سامنے رہے۔ ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ ارشد محمود نے سی پی او کو  ن لیگی ارکان قومی و پنجاب اسمبلی  کو غیر قانونی ہراساں نہ کرنے کا حکم دیدیا۔ رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر‘ بیرسٹر عثمان ابراہیم‘ ممبران صوبائی اسمبلی نواز چوہان‘ وقار چیمہ‘ توفیق بٹ اور سابق میئر شیخ ثروت اکرام سمیت دیگر ان  نے عدالت میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا کہ  تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں لیگی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر اور ایم پی اے عمران خالد بٹ کے خلاف درج بغاوت کے مقدمہ میں پولیس افسران انہیں  انکوائری کے لئے طلب کر کے تذلیل کرتے اور 16 اکتوبر کے جلسہ میں شریک نہ ہونے بارے ہراساں کرتے ہیں۔ 16اکتوبر کے جلسہ سے قبل ہی پولیس نے لاہور اسلام آباد شاہراہ پر ناکے لگا کر کنٹینرز کو پکڑنا شروع کر دیا ہے۔ سامان لیکر جانے والے کنٹینرز کو پولیس نے زبردستی روک لیا۔ کنٹینرز کھیالی بائی پاس، عالم چوک، نواب چوک کے قریب پکڑے گئے ہیں۔  ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ پولیس ہمارے سامان سے بھرے کنٹینرز کو بلاوجہ روک رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اﷲ اور پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا جلسہ ہر قیمت پر ہو گا اور کامیاب ہو گا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک کے حالات ہمیشہ سیاسی جماعتوں اور جمہوری قوتوں نے بہتر بنائے ہیں۔ پی ڈی ایم کا مقصد جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی راج قائم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر و سابق ایم پی اے چوہدری اعجاز احمد سماں کی رہائشگاہ پر پیپلز پارٹی ضلع گوجرانوالہ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد نائب صدر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب میاں اظہر حسن ڈار، سٹی صدر میاں ودود حسن ڈار اور سابق ایم پی اے میاں اظہر حسن ڈار کی رہائش پر صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کارنر میٹنگز  میں کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔  اسکے باوجود پی ڈی ایم کی قیادت نے آج اتفاق کیا ہے کہ گوجرانوالہ کے جلسے کو ہر قیمت پر کامیاب کرائیں گے اور اس نااہل اور نالائق حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔

مزیدخبریں