ملتان (سپیشل رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہاہے کہ جماعت اسلامی 14 اکتوبر کو پورے ملک میں کراچی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے’’ یوم یکجہتی کراچی‘‘ منارہی ہے۔ یوم یکجہتی کراچی کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں ، پنجاب ، سندھ ، خیبر پی کے ، بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کراچی کے حقوق کے تحفظ کے لیے بڑی بڑی ریلیاں ، جلسے جلوس ، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد میں عوامی ریلی کی قیادت کریں گے۔ لاہور میں سندھ اسمبلی کے رکن سید عبدالرشید اور لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد ریلی کی قیادت کریں گے۔ صوبائی امرائ محمد حسین محنتی ، مولانا عبدالحق ہاشمی ، جاوید قصوری ، سینیٹر مشتاق احمد خان ، ڈاکٹر طارق سلیم اور راؤ ظفر اقبال بھی حقوق کراچی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔