لاہور ( وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سیاسی اجتماعات، جلسے اور جلوسوں پر پابندی کیلئے دائر درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔عدالت نے قرار دیا کہ جلسے کروانا اور ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا حکومت کا کام ہے، عدالت پالیسی معاملات میں کیسے مداخلت کر سکتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسعود عابد نقوی نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو دائر درخواست میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے خدشہ ظاہر کیا کہ کورونا وباءکیوجہ شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ ابھی کورونا کم ہوا ختم نہیں ہوا۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ سیاسی اجتماعات کی وجہ سے کورونا پھیلنے کا شدید خطرہ ہے ہے ۔درخواست گزار ڈاکٹر سلمان کاظمی نے درخواست میں بتایا کہ سیاسی جماعتیں کورونا سے بچائو کے اقدامات نہیں کر رہیں اور بچائو کے ایس او پی پر عملدرآمد بھی نہیں کیا جارہا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، جلسے اور جلوس پر پابندی لگانے کا حکم دیا جائے ۔درخواستگزار کے وکیل کے دلائل کے بعد عدالت نے درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔