شریف خاندان 25 ارب کی منی لانڈرنگ کا جواب دے: شہباز گل، زرتاج

Oct 14, 2021

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)  وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل، وزیر مملکت زرتاج گل اور ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف خاندان ووٹ، کوٹ اور قوانین کا احترام کرتے ہوئے اپنے مقدمات کا سامنا کرے۔ شریف خاندان 25ارب روپے منی لانڈرنگ کا جواب دے۔ قوم ان کی مزید ڈرامہ بازی برداشت نہیں کرے گی۔ مریم نواز ایک خود غرض خاتون ہیں۔ جن کی سیاست کا محور محض اقتدار ہے۔ وہ پاکستان کی سالمیت، سرحدوں کے محافظ، انصاف کے اداروں اور منتخب وزیراعظم کوبلاوجہ نشانہ بنا رہی ہیں۔ وہ اپنے والد کی ہر ادارے پر قابض ہونے کی سیاست کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔ سزا یافتہ مجرم کی ضمانت منسوخ ہونی چاہئے۔ عدالتوں کے باہر تقریروں کی بجائے مریم نواز ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کی رسیدیں دیں۔ نوازشریف جیسا جھوٹا، مکار اور بددیانت کوئی اور نہیں بن سکتا۔ پاکستان کو بحران سے صرف عمران خان نکال سکتے ہیں۔ بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہاکہ مریم نواز ایک مصدقہ چورنی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو 22کروڑ عوام نے منتخب کیا ہے اور ہم نے ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹ لئے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پاکستان کے انصاف کے اداروں پاکستان کی سالمیت کے محافظوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف کا ہر کارکن اس کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گا۔ ہم آئینی اداروں کو متنازعہ نہیں بنانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرٹیفائیڈ مجرم کی ضمانت منسوخ ہونی چاہئے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ لوگوں کے مذہبی عقائد کو نشانہ بنانا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ عمران خان نوازشریف بننے کی کوشش نہ کریں۔ اس قدر جھوٹا ، مکار اور بددیانت کوئی کس طرح بن سکتا ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں وزیراعظم ہائوس میں جو ہوتا رہا اس دور کے ملازمین سے ہم وہ قصے سنتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ملیکہ بخاری نے کہاکہ مریم نواز کی سزا برقرار ہے۔ عدالت اس کا نوٹس لے کہ ایک سزا یافتہ خاتون عدالت کے باہر کھڑے ہو کر پاکستان کے انصاف کے نظام اور سرحدوں کے محافظوں کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے۔

مزیدخبریں