لاہور‘ اسلام آباد (سٹی رپورٹر+ خبر نگار) پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کر دی گئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی کے 325 کنفرم کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 229 لاہور میں رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی سے56, ملتان سے 6 اور حافظ آباد سے 5, اٹک اور گجرات سے 4 چار، ننکانہ صاحب سے 3 جبکہ چکوال، جھنگ، اوکاڑہ، رحیم یارخان، سرگودھا اور شیخوپورہ سے ڈینگی کے 2 دو مریض رپورٹ ہوئے۔ رواں سال صوبہ بھر سے اب تک ڈینگی سے 12 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ رواں سال کے دوران اب تک صوبہ بھر سے ڈینگی کے 4,876 کنفرم کیسزسامنے آئے ہیں جبکہ اب تک لاہور سے ڈینگی کے 3,666 کنفرم کیسز سامنے آئے۔ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں 449,187 ان ڈور مقامات اور 96,383 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا گیا اور 2,376 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ لاہور میں 63,689 ان ڈور جبکہ 8,619 آؤٹ ڈور مقامات کی ڈینگی لاروا کے حوالہ سے چیکنگ کی گئی اور ٹوٹل 1,416 مقامات سے پازٹیو کینٹینرز کو تلف کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت ایوان وزیراعلی میں کابینہ کمیٹی برائے کرونا اور ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب و دیگرافسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ محکمہ صحت کے سیکرٹریز نے وزیرصحت کو بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے اجلاس کے دوران لاہور میں 89دن کیلئے ویکسینیٹرز بھرتی کرنے کی منظٰوری دے دی۔کابینہ کمیٹی نے ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپو سنٹر میں تمام اخراجات کی منظوری دے دی۔ کابینہ کمیٹی نے کرونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹریز کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت بھی کردی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبہ میں ویکسی نیشن کی تعداد بڑھانے پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکی کاوش کو سراہا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبہ میں کرونا اور ڈینگی پر قابوپانے کیلئے تمام کمشنرز اور ڈی سی حضرات کو خصوصی ہدایت کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 5000بسترمختص کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں کرونا اور ڈینگی بارے آگاہی دینے کیلئے خصوصی لیکچرزکا اہتمام کیا جائے۔ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں انسداد ڈینگی سپرے کیا جارہا ہے۔ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کرنی ہوگی۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 61 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے۔ اب تک 5 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
ڈینگی: 325 مزید کیسز‘ لاہور میں فیلڈ ہسپتال کے اخراجات کی منظوری
Oct 14, 2021