علماء و مشائخ کا خواتین، اقلیتوں کے حقوق، جبری مذہب تبدیلی کیخلاف مہم چلانے کا اعلان

Oct 14, 2021

اسلام آباد (اے پی پی، خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے پوری قوم کو آقاؐ کی تعلیمات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آقاؐ کی پوری زندگی ہر ایک کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ رحمتہ للعالمینؐ اتھارٹی مسلمانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رحجان کے اثرات کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔دوسری جانب ملک بھر کے علماء  و مشائخ نے خواتین کی تعلیم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور جبری مذہب کی تبدیلی کے خلاف ملک بھر میں بھرپور مہم چلانے اور ہر سطح پر رابطہ سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبر کی بنیاد پر مسلمان بنانے کا تصور ہی اسلام میں موجود نہیں ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل اور وزارت مذہبی امور کے تعاون سے خواتین اور اقلیتوں کے حقوق سیرت طیبہ کی روشنی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقرر ین نے کہی۔ سیمینار کی صدارت حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔ مہمان خصوصی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری اور رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر سعد الحارثی تھے۔ سیمینار میں ترکی، عراق ، مصر، فلسطین ، سعودی عرب کے مذہبی امور کے قونصل اور یورپی ممالک کے سفراء  نے بھی شرکت کی۔ سیمینار سے صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، پیر نقیب الرحمن، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، قاضی عبد القدیر خاموش، ڈاکٹر ضیاء  الحق، بشپ ازرائ، فادر جوزف، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، علامہ زبیر عابد، مولانا طاہر عقیل اعوان ،مولانا ابو بکر صابری، ڈاکٹر فرخندہ ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا عبید اللہ گورمانی، مولانا عقیل الرحمن زبیری ، مولانا زبیر کھٹانہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو لاہور میں اور 18 اکتوبر کو فیصل آباد میں سیرت کانفرنسیں ہوں گی۔ یاد رہے کہ اسلام خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے، رسول اکرم رحمت للعالمین ہیں، رسول اکرمؐ  کی تعلیمات انسانی حقوق کی محافظ ہیں، اسلام کسی بھی فرد کو جبراً مسلمان بنانے کی اجازت نہیں دیتا، جبراً شادی اور نکاح کا بھی اسلام میں کوئی تصور نہیں ہے۔ بچیوں کی تعلیم اور وراثت میںعورت کا حق سیرت مصطفیٰ کی روشن تعلیمات ہیں۔ سیرت اتھارٹی کا قیام وزیر اعظم کی طرف سے عالم اسلام کیلئے عظیم تحفہ ہے۔کل ملک بھر میں خطبات جمعہ کے عنوان اخلاق حسنہ سیرت طیبہ کی روشنی میں ہوں گے۔

مزیدخبریں