لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو سمیت 11 اراکین یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتیں۔ پاکستان کے لیے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے ڈاکٹر فابیو اور دیگر یورپی اراکین پارلیمنٹ نے تعاون کی مکمل یقین دہانی کروا دی۔ ڈاکٹر فابیو سمیت دیگر یورپی اراکین پارلیمنٹ اقلیتوں کے تحفظ اور افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کے معترف نکلے۔ اس موقع پر بھارت پر کشمیر یوںا ور بھارتی مسلمانوں کو مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ گورنر ہائوس لاہور سے بدھ کے روز جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے دورہ یورپ کے دوران یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو، جرمنی کے رکن یورپی پارلیمنٹ میکسیملان کرے، فرانس کے یورپی پارلیمنٹ کیرکن نکولس بے، یورپی پارلیمنٹ کے رکن ایمانیوئل فریگوس، ممبر یورپی پارلیمنٹ برنارڈ گوئٹا، سپین سے ممبر یورپی پارلیمنٹ جورڈی سول اور ممبر پارلیمنٹ جویئر مارنوسمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اراکین یورپی پارلیمنٹ کو پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی آزادی، بنیادی حقوق کی فراہمی اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کے بارے میں بتایا۔ گورنر پنجاب نے کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم کے حوالے سے بھی یور پی اراکین پارلیمنٹ کو آگاہ کیا ہے۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر فابیو سمیت دیگر یورپی اراکین پارلیمنٹ نے افغانستان میں پاکستان کے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سب پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں اور جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع یقینی طور پر پاکستان کا حق ہے۔ جس کے لیے ہم پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کر یں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی اراکین پارلیمنٹ نے امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سرا ہا ہے۔ جی ایس پلس سٹیٹس میں نظر ثانی کا معاملہ بھی ہمارے موقف کے مطابق ہی حل ہو جائے گا۔ جیسے ہم نے پہلے بھارت کے تمام عزائم کو ناکام بنایا ہے آئندہ بھی انکو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
گورنر سے ملاقات‘ یورپی پارلیمنٹ کے 11 ارکان کی پاکستان سے تعاون کی یقین دہانی
Oct 14, 2021