آئرش مصنفہ نے اسرائیلی پبلشر کو فلسطین کی حمایت میں اپنا ناول چھاپنے سے روک دیا

Oct 14, 2021

بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ)  جزیرہ نما یورپی ملک آئرلینڈ کی 30 سالہ ناول نگار سلی رونی نے کہا ہے کہ انہوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی پبلشر کو اپنا ناول شائع کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے اسرائیلی ریاست کو عالمی قوانین کے عین مطابق انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والی ریاست قرار دیا اور کہا کہ وہ اس بات کی تائید کرتی ہیں کہ ظالم ممالک پر ثقافتی، تجارتی اور سفارتی پابندیاں عائد کی جانی چاہیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سلی رونی کو اسرائیلی پبلشر نے ان کے نئے ناول ’بیوٹی فل ورلڈ: ویئر آر یو‘ کا عبرانی زبان میں ترجمہ شائع کرنے کی اجازت کے لیے ٹینڈر بھجوایا تھا، جسے انہوں نے مسترد کردیا۔دریں اثناء امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور آن لائن کاروبار کی معروف ویب سائٹ ایمازون کے ملازمین نے اسرائیل کے ساتھ کیا گیا معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایمازون  اور گوگل کے 400 سے زائد ملازمین نے برطانوی اخبار میں شائع ہونے والے ایک مشترکہ خط میں اپنے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج اور اسرائیلی حکومت سے کیا گیا معاہدہ معطل کریں۔ خط میں کہا ہے کہ یہ معاہدہ مئی میں اسی دوران کیا گیا جب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 60 بچوں سمیت 250 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ 

مزیدخبریں