شہری حقوق کا تحفظ ، پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر ین بنانا ضروری:رائو سردار علی

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے میں سپروائزری افسران بالخصوص سرکل افسران کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جدید پولیسنگ اورتھانہ کلچر کی تبدیلی میں سپروائزری افسران کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ پولیس افسران خدمت خلق اورعوامی تحفظ کے جذبے کو شعار بناتے ہوئے نہ صرف مظلوم و مستحق شہریوں کے دست و بازو بنیں بلکہ ماتحت سٹاف سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لے کر عوام تک انصاف کی باآسانی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ماتحت اہلکاروں سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لینابھی سپروائزی افسران کی ذمہ داری ہے چنانچہ فور س کے ساتھ نرم گفتاری، شائستگی اور بہتر رویہ اپناتے ہوئے انہیں بھرپور اعتماد دیا جائے تاکہ وہ بغیر کسی ڈر یا خوف عوام کی خدمت اور جرائم کے خاتمے کیلئے خود کو مصروف عمل رکھیں لیکن دوسری طرف کام چور، نالائق اور کرپٹ افسران و اہلکاروں کیلئے سخت ترین محکمانہ کاروائی سے بھی گریز نہ کیا جائے۔ پبلک سروس ڈلیوری کی مزید آسان فراہمی کو یقینی بناکر پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن