اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت میں گامزن کردیا ہے اور پاکستان خطے میں معاشی مرکز کے طورپر ابھرا ہے، آٹو موبائل کے شعبہ میں مقامی طور پر یونٹس کی تیاری خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں پروٹون سی کے ڈی پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک میں گاڑیوں کے مقامی یونٹس کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو منڈی کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کو ہنر مند بنانا ہے۔ صدر نے کہا کہ تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور امن کی بدولت پاکستان ایک معاشی مرکز بن رہا ہے۔ تقریب سے کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان باہمی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات 1957سے قائم ہیں اور دونوں ممالک کئی شعبوں میں باہمی تعاون کررہے ہیں ۔
حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت گامزن کردیا ،صدر علوی
Oct 14, 2021