عراق کے پارلیمانی انتخابات  میں 97 خواتین کامیاب

برسلز(این این آئی )یورپی مبصر مشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ عراق میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات اچھی طرح منظم تھے۔  انتخابات کے دوران اظہار رائے کی آزادی کا احترام کیا گیا۔ عراقی نیوز ایجنسی نے یورپی مبصر مشن کی سربراہ ویولا وون کرامون کا ایک بیان نقل کیا جس میں بتایا گیا کہ عراقی انتخابات اچھی طرح سے منظم تھے اور پولنگ کا دن پرامن رہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹروں نے آسانی سے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے 59 سفارتکاروں کے علاوہ 100 سے زیادہ مبصرین کے ذریعے انتخابی عمل کی نگرانی کی گئی۔ کرامون نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران اظہار رائے کی آزادی کا احترام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی جائزہ رپورٹ نئے ایوان نمائندگان کوپیش کی جائے گی۔ادھر عراق کے الیکشن کمیشن نے پولنگ سے متعلق ہونے والے اعتراضات اور اپیلیں وصول کرنا شروع کردی ہیں۔ اپیلیں تین روز تک وصول کی جائیں گی۔عراقی نیوز ایجنسی نے کابینہ سیکریٹریٹ کے حوالے سے بتایا کہ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں 97 خواتین کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔ مذہبی لیڈر مقتدی الصدر کی جماعت نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں اور ان کی اب تک کی جیتی گئی نشستوں کی تعداد 73 ہے۔تقدم بلاک نے 38 سیٹوں پرکامیابی کا دعوی کیا ہے جب کہ تیسرے نمبر پردول القانون 37 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن