اسلام آباد (نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) نیب ترمیمی آرڈیننس 2021کو جاری ہوئے 7روز ہوگئے لیکن چیئرمین نیب کا نیا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوسکا ہے۔ چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق گزشتہ نوٹی فکیشن کی مدت 8اکتوبر 2021تک ختم ہوچکی، اس حوالے سے صدارتی آرڈیننس بھی جاری ہوچکا لیکن چیئرمین نیب کی نئی مدت سے متعلق نیا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوسکا، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال بغیر نوٹی فکیشن ایک ہفتے سے سرکاری امور نمٹا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قانون چیئرمین نیب کی اگلی مدت کے لیے نوٹی فکیشن جاری کرنے پر ابہام کا شکار ہے، وزارت قانون تاحال فیصلہ نہ کرپائی کہ نوٹی فکیشن جاری کیا جائے یا نہیں، 2017کو چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق جاری کئے گئے نوٹی فکیشن میں ناقابل توسیع کے الفاظ درج ہیں، جب کہ نئے آرڈیننس میں ناقابل توسیع کے الفاظ کو حذف کردیا گیا ہے۔گزشتہ نوٹی فکیشن نیب آرڈیننس 1999 کے تحت جاری ہوا تھا اور نئے صدارتی آرڈیننس کے تحت نیا نوٹی فکیشن جاری کرنا لازمی ہے۔ وزارت قانون کو قانونی لحاظ سے نیب آرڈیننس کے تحت نیا نوٹی فکیشن جاری کرنا ہوگا لیکن نیا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی ایک وجہ اس کا چیلنج ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری طرف نیب نے تمام ریجنل بیوروز کو ترمیمی آرڈیننس پر فیصلوں سے روک دیا۔ وزارت قانون سے اہم قانونی نکات پر رائے طلب کرلی۔
نیب نے تمام بیوروز کو ترمیمی آرڈنینس پر فیصلوں سے روک دیا
Oct 14, 2021