سونا 700 روپے تولہ‘ ڈالر 30  پیسے مہنگا:سٹاک ما رکیٹ‘ 90 ارب ڈوب گئے

کراچی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ کامرس رپورٹر) ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کے روز فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 700 روپے اور 600 روپے کا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد سونے کی دس گرام قیمت 1 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی۔ سونے کی قیمت میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 1 لاکھ 16 ہزار 700 روپے پر پہنچ گئی، جبکہ دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 51 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی 9 پیسے مہنگی ہو گئی ہے۔ چند روز قبل برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارے فچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آئندہ سال تک امریکی ڈالر 180 روپے کی سطح پر پہنچ جائے گا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 9 پیسے مہنگا ہو گیا، اور قیمت 171 روپے 04 پیسے سے بڑھ کر 171 روپے 13 پیسے ہو گئی ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں 30 پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت 171 روپے 60 پیسے سے بڑھ کر 171 روپے 90 پیسے ہو گئی۔ دوسری طرف ملک پر چھائی غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔ انڈیکس 661.30 پوائنٹس گر گیا جس کے باعث 100 انڈیکس 43221.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.51 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی‘ بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 90 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...